290

افغان صدر کا عمران خان کو ٹیلی فون، انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد

اسلام آباد(ورلڈ پوائنٹ نیوز) تحریک انصاف کے ترجمان اور رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی نے عمران خان کو ٹیلی فون کر کے انتخابات میں جیت کی مبارک باد دیتے ہوئے دورہ افغانستان کی دعوت دی۔

بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ افغان صدر نے عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور دو طرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ساتھ ہی اشرف غنی نے افغانستان کے دورے کی دعوت بھی دی جسے تحریک انصاف کے چیئرمین نے قبول کرلیا اور وہ جلد کابل کا دورہ کریں گے۔

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے پاس اتنی اکثریت ہے کہ ہم مرکز اور پنجاب میں حکومت بنانے کا حق رکھتے ہیں، انتخابات میں شکست کھانے والے منفی سیاست کررہے ہیں، مولانا فضل الرحمان بڑی پارٹیوں کی طرح ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں حکومت سازی کےلیے آزاد ارکان اور سیاسی جماعتوں سےرابطےجاری ہیں، اس ضمن میں جلد باقاعدہ اعلان کیا جائے گا اور وزارتوں پر نامزد ہونے والے افراد کے نام بھی ایک دو روز میں فائنل ہوجائیں گے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے نیب زدہ منتخب امیدواروں کو کابینہ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جب تک مذکورہ ممبران کے خلاف تحقیقات ہیں وہ کسی وزارت یا مرکزی و صوبائی کابینہ کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔

اس ضمن میں عمران خان نے منتخب ممبران کی نیب میں جاری کیسز کی تفصیلات بھی طلب کرلیں جبکہ پارٹی ذرائع نے اس بات کی تصدیق بھی کی ہے کہ کابینہ کی تشکیل میں تاخیر کی اہم وجہ امیدواروں کی چھان بین ہے۔

خبر کو سوشل میڈیا پر شئیر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں