ماسکو(ورلڈ پوائنٹ نیوز) فٹ پاتھ پر رنگ کرنے والا معمولی برازیلین لڑکے نے انٹرنیشنل فٹ بال ٹیم میں شامل ہوکر ورلڈ کپ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس میں جاری فٹبال ورلڈ کپ شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور فٹبال سے متعلق تمام خبروں اور من پسند فٹبالرز کی تصاویر کو سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی مل رہی ہے۔ ایسی ہی وائرل ہونے والی ایک تصویر ورلڈ کپ 2018ء میں شامل برازیلین ٹیم کے کھلاڑی گیبرل جیسس کی ہے جو 4 سال قبل برازیل کی سڑکوں پر بطور پینٹر کام کرتا تھا۔
گیبرل 2016ء میں اولمپک گیمز میں اپنی قومی ٹیم کا حصہ بنا اور خوش قسمتی سے اس کی ٹیم نے سونے کا تمغہ بھی حاصل کیا جس کے بعد گیبرل کو اولمپک میں شاندار کارکردگی دکھانے پر انگلش کلب مانچسٹر سٹی نے بطور فارورڈر خرید لیا۔ گیبرل اس وقت روس میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میں برازیلین ٹیم کا حصہ ہے۔