اسلام آباد(ورلڈپوائنٹ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے گورنر پنجاب محمد سرور کو اراکین اسمبلی پنجاب کی تنخواہوں کی سمری پر دستخط کرنے سے روک دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کی سمری روکنے اور گورنر پنجاب کو سمری پر دستخط نہ کرنے کی ہدایت جاری کردی ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو مراعات سے متعلق بل دوبارہ ایوان میں لانے کا کہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ وزیراعلٰی کو دی گئی لائف ٹائم مراعات کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے، وزیر اعلی کو پوری زندگی کے لئے گھر دینے کا فیصلہ مناسب نہیں۔ وزیراعظم نے لائف ٹائم مراعات کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ 3 ماہ کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔
اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹرپراظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھا کہ میں پنجاب اسمبلی کی جانب سے وزیراعلی، وزراء اور ارکان اسمبلی کی تنخواہوں اورمراعات میں اضافے کے فیصلے سے بہت مایوس ہوا ہوں، اس طرح کے فیصلوں کا کوئی دفاع نہیں کیا جاسکتا، عوام کوبنیادی ضرورتوں کی فراہمی تک فیصلہ نامناسب ہے، ملک میں خوشحالی ہوتو اس طرح کے فیصلوں کاجواز بھی بنتا ہے۔
I am extremely disappointed by decision of Punjab Assembly to raise pays & privileges of MPAs, Ministers & esp CM. Once prosperity returns to Pak such a move cld be justified, but now, when we do not have resources to provide basic amenities to all our people, this is untenable
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) March 14, 2019
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی نے ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا بل منظور کیا تھا جس کے تحت اراکین اسمبلی کی تنخواہ اورمراعات 83 ہزار ماہانہ سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے تک کر دی گئی، جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کی تنخواہ اور مراعات وزیر اعظم سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔