387

پنجاب میں حکومت سازی؛ پی ٹی آئی اور (ن) لیگ میں نمبر گیم جاری

لاہور(ورلڈ پوائنٹ نیوز) پنجاب میں حکومت سازی کے لیے تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان مطلوبہ تعداد میں ارکان کی حمایت کے لیے رسہ کشی جاری ہے۔

ورلڈ پوائنٹ نیوز کے مطابق گزشتہ 3 روز کے دوران کئی آزاد ارکان پی ٹی آئی میں باقاعدہ شامل ہوچکے ہیں جب کہ پارٹی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے مزید چار ارکان کے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا دعویٰ کیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ حکومت سازی کے حوالے سے مزید آزاد ارکان کے ساتھ مکمل رابطے ہیں، آج رات تک پارٹی کے ارکان کی تعداد 140 ہوجائے گی۔

مسلم لیگ (ق) کے چوہدری برادران پہلے ہی تحریک انصاف کی حمایت کا فیصلہ کرچکے ہیں اور وہ آج چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات بھی کریں گے۔ اس طرح نمبر پورے کرنے کے اس گورکھ دھندے میں تحریک انصاف آگے نظر آتی ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) جہاں ایک جانب آزاد ارکان کو رام کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے وہیں شہباز شریف آج شام اسلام آباد میں پیپلز پارٹی اور ایم ایم اے کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں کسی بھی جماعت کوسادہ اکثریت کے لیے 149 ارکان کی حمایت درکار ہے، مسلم لیگ (ن) کے 129 ارکان جب کہ تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 123 تھے۔

خبر کو سوشل میڈیا پر شئیر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں