دبئی(ورلڈ پوائنٹ نیوز) دبئی ایئرپورٹ کے حکام کی کاوشوں نے 33 سال بعد ماں بیٹی کو ملا دیا۔ اماراتی میڈیا کے مطابق بیٹی کے والدین میں علیحدگی کے بعد باپ اپنی بیٹوں کو لے کر کسی اور جگہ منتقل ہوگیا تھا اس وقت بہنوں میں سب سے بڑی بہن 6 سال کی تھی۔
طلاق کے بعد والدہ نے امارتی شہری سے شادی کرلی تاہم اس کے دل میں ممتا جاگتی رہی، اولاد سے ملنے کی خواہش اسے متحدہ عرب امارات کھینچ لائی جہاں اس نے بیٹیوں سے ملنے کی سر توڑ کوششیں شروع کردیں۔
#أخبار | شرطة دبي تجمع أماً مع ابنتها بعد فراق ٣٣ عاماً
التفاصيل :https://t.co/4YkZjRTI6x#أمنكم_سعادتنا pic.twitter.com/I4FJ7KzJFE— Dubai Policeشرطة دبي (@DubaiPoliceHQ) January 17, 2019
والدہ نے کسی طرح اپنی بڑی بیٹی کا کھوج لگا لیا جو کہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوچکی تھی لیکن دوسرے ملک ہونے کی وجہ سے ماں بیٹی کی ملاقات ممکن نہ تھی۔ اس دوران بیٹی کو علاج کی غرض سے بھارت جانا پڑا تو کنیکٹنگ فلائٹ دبئی سے تھی۔
والدہ نے دبئی حکام کو درخواست کی کہ بیٹی براستہ دبئی بھارت جارہی ہے اور منسلک پرواز کچھ گھنٹے بعد دبئی ایئرپورٹ سے اڑان بھرے گی لہذا بچھڑی ہوئی بیٹی سے ملنے کے لیے کوئی بندوبست کیا جائے۔
خاتون کی درخواست پر ایئرپورٹ حکام حرکت میں آئے اور انہوں نے مطلوب خاتون کی تلاش شروع کردی۔ حکام کا کہنا ہے کہ تین گھنٹے کی تلاش کے بعد تصدیق ہونے پر ماں بیٹی کو ملا دیا گیا۔
برسوں بعد ملنے والی ماں بیٹی ایک دوسرے کو دیکھ کر آبدیدہ ہوگئیں اور انہوں نے اس خوبصورت تحفے پر حکام کا شکریہ ادا کیا۔