333

گوانتانامو سے پرواز کرنے والا طیارہ دریا میں گر گیا، تمام مسافر محفوظ

فلوریڈا(ورلڈ پوائنٹ) امریکا میں مسافر طیارہ خرابی کے باعث دريا ميں اتر گيا تاہم معجزانہ طور پر طیارے کے تمام مسافر محفوظ رہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کیوبا سے شمالی فلوریڈا کی جانب پرواز کرنے والا مسافر طیارہ بوئنگ 737 خرابی کی وجہ سے رن وے کے نزدیک دریائے سینٹ جونز میں اتر گیا۔ اس میں موجود 136 مسافر اور عملے کے 7 اراکین معجزانہ طور پر محفوظ رہے تاہم چند مسافروں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

طیارے کے دریا میں گرنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کے کام کا آغاز کردیا گیا، امریکی نیوی کے اہلکاروں اور غوطہ خوروں نے مسافروں کو بحفاظت طیارے سے نکالا۔ کوئی بھی مسافر شدید زخمی نہیں ہے البتہ 21 مسافروں کو معمولی چوٹيں لگنے کے باعث مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق گوانتانامو بے سے پرواز کرنے والے طیارے میں زیادہ تر شہری مسافر اور کچھ فوجی افسران اور اہلکار بھی سوار تھے۔ طبی امداد کے بعد تمام مسافروں کو اگلی پرواز سے ان کی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔

طیارے پر میامی ایئر لائن کا لوگو موجود ہے تاہم ایئر لائن کی جانب سے کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا گیا ہے، یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ یہ ایک چارٹرڈ طیارہ تھا تاہم اس حوالے بھی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئی ہیں۔

خبر کو سوشل میڈیا پر شئیر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں