539

دشمن کو بتانا چاہتے ہیں کہ آئندہ بھی اگر پاکستان پر جارحیت کی تواس کا منہ توڑ جواب دیں گے، قاضی خلیل اللہ سفیر پاکستان ماسکو کا پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب

ماسکو(شاہد گھمن سے) پاکستان کے 79ویں یوم پاکستان کے موقع پر سفارت خانہ پاکستان ماسکو میںپرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی سفیر پاکستان قاضی خلیل اللہ نے قومی ترانہ کی گونج میں پاکستانی پرچم سربلند کیا اس موقع پر ایمبیسی میں موجود چاک وچوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی.

تقریب کے آغاز پر فرسٹ سیکرٹری آفتاب چوہدری نے صدر پاکستان ڈاکٹر محمد عارف علوی کا پیغام پڑھ کر سنایا انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان ایک نیا پاکستان ہے ہم پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے کوشاں اور ایسے معاشرے کی تشکیل کے لئے پرعزم ہیں جو ہمدردی اور احساس پر مبنی ہو اور جہاں ہر شہری بلاتفریق ترقی و خوشحالی سے ہمکنار ہو کر ملک کی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے۔جبکہ تھرڈ سیکرٹری میڈم وردا نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کا پیغام پڑھ کر سنایا.

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ اس عظیم دن کی وجہ سے پاکستان ہمیں تحفے میں ملا ہے اور ہم اس عظیم ملک کے شہری ہونے کی وجہ سے فخر محسوس کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ پچھلے72سالوں میں ہمیں بہت سارے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا اور ہم نے بہت ساری کامیابیاں بھی حاصل کیں جن میں ہم نے اپنی جمہوریت کو مضبوط اور اپنے دفاع کو طاقتور بنایا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنے مدبرانہ فیصلوں سے پوری دنیا کو دکھایا کہ پاکستان جارحیت نہیں چاہتا لیکن جب دشمن نے وار کیا تو ہم نے اس کا بھرپور جواب دیا اور ہم دشمن کو بتانا چاہتے ہیں کہ آئندہ بھی اگر پاکستان پر جارحیت کی تو ہم اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو اپنے تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ سفارتخانہ کے دروازے کمیونٹی کے لئے ہر وقت کھلے ہیں۔

سفیر پاکستان قاضی خلیل اللہ نے نیوزی لینڈ میں شہید ہونے والے 9 پاکستانیوں کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی اور نعیم رشید کی بہادری پر انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔

سفیر پاکستان قاضی خلیل اللہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور روس کی باہمی تجارت میں اضافہ ہورہا ہے اور اس پر مزید کوششیں جاری ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ انشااللہ اس سال اور اگلے سال دونوں ممالک کی ٹریڈ میں خاطرخواہ اضافہ ہوگا.

تقریب میں پاکستان کمیونٹی روس و آپو ورلڈ روس کے صدر خلیل الرحمن۔ اوورسیز پاکستان بلوچ یونٹی روس کے صدر ملک شہباز ۔ڈاکٹر زاہد علی خان ۔ چوہدری زاہد خورشید۔ عزیز بلوچ۔ کاشف خان ڈاکٹر عارف علی خان سمیت پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔

خبر کو سوشل میڈیا پر شئیر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں