314

گوجرانوالہ میں سیاسی رہنما کاشف صدیق مہر قاتلانہ حملے میں جاں بحق

گوجرانوالہ(ورلڈ پوائنٹ نیوز) (ق) لیگ کے رہنما مہر صدیق اپنے گارڈ سمیت نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں (ق) لیگی رہنما و صدر آرائیں برادری مہر کاشف صدیق قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے، قاتلانہ حملے میں ان کا نجی گارڈ بھی قتل ہوا۔ مہر کاشف چند روز قبل تحریک انصاف چھوڑ کر (ق) لیگ میں شامل ہوئے تھے، اور دوسال قبل پیپلزپارٹی کے سٹی صدر خالد ہمایوں قتل کیس میں رہا ہوئے تھے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے واپڈا ٹاؤن میں مہر کاشف کے گھر میں گھس کر ان پر فائرنگ کی اور باآسانی فرار ہوگئے، فائرنگ کی آواز سن کر اہل محلہ جمع ہوگئے اور انہیں اسپتال پہنچایا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ ڈاکٹرز کے مطابق مہر کاشف کو 5 گولیاں لگیں اور سر میں لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے گوجرانولہ میں (ق) لیگ کے رہنما کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی۔ جب کہ سی پی او کے مطابق ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ملزمان کو جلد گرفتار کر کے ا ن کو جیل بھجوایا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں