160

ماسکو میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سفیر پاکستان قاضی خلیل اللہ کی رہائش گاہ پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ روسی شہریوں اور دیگر اہم شخصیات نے بھرپور شرکت کی

ماسکو(رپورٹ شاہد گھمن تصاویرمحبوب بھٹی) سفارت خانہ پاکستان ماسکو کے زیراہتمام سفیر پاکستان قاضی خلیل اللہ کی رہائشگاہ پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کمیونٹی کی بھرپور تعداد نے شرکت کی اس کے علاوہ اوورسیز پاکستان بلوچ یونٹی کے چیئرمین ڈاکٹر جمعہ خان مری اور روسی شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی.

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم کر رہی ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان خوش اسلوبی سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کشمیری یکجہتی کے دن حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر لوگوں کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہیں، جنہوں نے جموں و کشمیر پر ہندوستانی ناجائز قبضے کے خلاف اور اپنے حق خود اداریت کے لئےجدوجہد جاری کی ہوئی ہے

تقریب کے آغاز میں تھرڈ سیکرٹری میڈم وردہ اور انصار شاہ نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کے پیغامات پڑھ کر سنائے جبکہ حاضرین کے لیے کشمیر پر مبنی خصوصی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی اس کے علاوہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کے اصولی موقف کی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔

سفیر پاکستان قاضی خلیل اللہ نے روسی صحافی آندرے کوریبکو کو تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کشمیر میں بھارتی مظالم اجاگر کرنے اور روسی شاعرہ لڈمیلا آودیوا کو کشمیر پر خوبصورت نظم پڑھنے پر خوبصورت تحائف سے نوازا.

تقریب کے اختتام پر سفارتخانہ پاکستان کی جانب سے تقریب کے شرکاء کی پاکستانی کھانوں سے تواضع کی گئی ۔

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں