123

نیب کا پولیس کے ہمراہ شہباز شریف کی بیٹی کے گھر مبینہ چھاپہ

لاہور(ورلڈ پوائنٹ ) ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نیب نے پولیس کے ہمراہ شہباز شریف کی بیٹی کے گھر کا گھیراؤ کرکے چھاپا مارا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے الزام عائد کیا ہے کہ نیب اور پولیس کی ٹیموں نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی بیٹی کے گھر کا گھیراؤ کرکے چھاپہ مارا ہے، پولیس نے ماڈل ٹاؤن ایچ بلاک میں واقع شہبازشریف کی بیٹی کے گھر بغیر اطلاع کے چھاپہ مارا، یہ اقدام کسی بھی نوٹس کے بغیر اٹھایا گیا جو قابل مذمت اور تشویش کا باعث ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے چند روز قبل کہا تھا کہ شریف خاندان کے خلاف نئے کیسز بنائے جائیں گے، اب عوام کو سمجھ جانا چاہئے کہ عمران خان کا ویژن کیا ہے کہ شریف خاندان کو جھوٹے کیسز میں پھنسایا جائے گا۔

دوسری جانب ایس پی ماڈل ٹاؤن لاہور علی وسیم کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے نہ چھاپہ مارا گیا ہے نہ نفری بھیجی گئی ہے، جب کہ نیب کا بھی کہنا ہے کہ نیب کی ٹیم صرف نوٹس دینے گئی تھی جو وصول کراکر واپس آگئی ہے۔

نیب لاہور کے مطابق سابق وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی اہلیہ اور بیٹیوں کو طلبی کے نوٹس بھجوائے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نصرت شہباز، رابعہ اور جویرہ کو طلبی کے نوٹس بھجوائے گئے ہیں، نیب ٹیم نوٹسز دینے کے بعد شہباز شریف فیملی کے گھر سے واپس چلی گئی ہے۔

مریم اورنگزیب سے جب اس بارے میں استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ پولیس اور نیب نے گھر کا گھیراؤ کرکے نوٹس دیا، بغیرکسی اطلاع کے گھیراؤ کرنا کس قسم کا احتساب ہے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں