108

نورحبیب شاہ کی قیادت میں پاکستان کمیونٹی روس کی سینٹ سینٹ پیٹرز برگ میں یوم دفاع پاکستان اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک پروقار تقریب

سینٹ پیٹرزبرگ (شاہد گھمن سے) پاکستان کمیونٹی سینٹ پیٹرز برگ کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی تقریب کے مہمان خصوصی روسی حکومت سے تمغہ برائے تعاون کا اعزاز حاصل کرنے والے ڈاکٹر شاہد حسن تھے جبکہ ماسکو سے پاکستان کمیونٹی روس کے وفد نے چئیرمین نور حبیب شاہ کی قیادت میں خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جبکہ میاں شاہد نے پرجوش انداز میں ملی نغمہ گا کر محفل کو چارچاند لگا دیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈاکٹر شاہد حسن نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی قومی جذبہ سے سرشار ہیں اور وہ پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں انہوں نے کہاکہ مودی کی سنگین غلطی نے کشمیریوں کی اواز کو دنیا کے کونے کونے میں پہنچادیا ہے انہیں امید ہے کہ وزیراعظم عمران خان مسئلہ کشمیر کا حل نکال لیں گے۔

پاکستان کمیونٹی روس کے چئیرمین نور حبیب شاہ نے کہا کہ آج کی اس خوبصورت تقریب میں جس جذبہ کے ساتھ پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی ہے وہ اسے فراموش نہیں کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دل ہروقت پاکستان اور کشمیری عوام کے ساتھ دھرکتے ہیں۔

نور حبیب شاہ نے پاکستان کمیونٹی سینٹ پیٹرز برگ کے نومنتخب صدر ڈاکٹر فاروق خان ہوتی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ سینٹ پیٹرزبرگ میں رہنے والے پاکستانیوں نے ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم انہیں پاکستان کمیونٹی روس کے آفیشل پلیٹ فارم پر خوش آمدید کہتے ہیں ۔

پاکستان کمیونٹی سینٹ پیٹرز برگ کے نومنتخب صدر ڈاکٹر فاروق خان ہوتی نے ماسکو سے آنے والے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پاکستان کمیونٹی روس کے ساتھ الحاق پر خوش ہیں اور ہم مل کر روس میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کریں گے۔

پاکستان کمیونٹی روس کے سابق صدر شفقت سنی نے کہا کہ ہم روس میں بسنے والے ہر پاکستانی کو اپنے ساتھ لیکر چلیں گے انہوں نے کامیاب تقریب کے انعقاد پر پاکستان کمیونٹی سینٹ پیٹرزبرگ کو مبارکباد پیش کی

اس خوبصورت تقریب میں جواد سلہریا۔ ڈاکٹر غفران اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا.پاکستان کمیونٹی روس کے سابق صدر خلیل الرحمان اپنے نجی دورہ متحدہ عرب امارات کی وجہ سے شرکت نہ کر سکے.

تقریب کے اختتام پر چئیرمین نور حبیب شاہ نے نومنتخب صدر ڈاکٹر فاروق خان ہوتی کو پاکستان کمیونٹی روس کی جانب سے آفیشل ڈاکومنٹس دیے گئے۔جبکہ آصف صدیقی نے نور حبیب شاہ کو سندھی اجرک خوبصورت تحفہ دیا۔ اس موقع پر ہال پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے پرجوش نعروں سے گونج اٹھا۔

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں