58

کیمسٹری کا نوبل انعام بھی تین سائنسدانوں کے نام

دنیا کا سب سے معتبر ایوارڈ دینے والی سویڈن کی سویڈش اکیڈمی آف نوبل پرائز نے ’کیمسٹری‘ (کیمیا) کا انعام مشترکہ طور پر امریکا، برطانیہ اور جاپان کے سائنسدانوں کو دینے کا اعلان کردیا۔

رواں برس کے ابتدائی تینوں نوبل انعام یعنی طب، طبیعات اور کیمیا کے انعامات تین تین سائسندانوں کو دیے گئے ہیں۔

کیمسٹری کا نوبل انعام تینوں سائسندانوں کو ان کی لیتھیم آئن بیٹریز کی ایجادات پر دیا جا رہا ہے۔

لیتھیم آئن بیٹریز دراصل موبائل فونز، لیپ ٹاپ، الیکٹرک گاڑیوں، کمپیوٹرز اور دیگر ایسے کمپیوٹر آلات میں استعمال کی جاتی ہیں، یہ بیٹریاں متعدد بار ریچارج کیے جانے کے علاوہ سالوں تک چلتی ہیں۔

تینوں سائسندانوں کو ان بیٹریوں کی ایجادات کرنے، انہیں طاقتور بنانے، انہیں کاروباری استعمال کے قابل بنانے اور انہیں دنیا میں عام کرنے کی خدمات سر انجام دینے پر انعام دیا جا رہا ہے۔

کیمسٹری نوبل انعام کا نصف حصہ امریکی سائسندان 97 سالہ جان گڈناف کو دیا جائے گا جب کہ انعام کا دوسرا نصف حصہ جاپانی و برطانوی سائسندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

تینوں سائنسدانوں کو مجموعی طور پر 10 لاکھ ڈالر سے کم اور پاکستانی 14 کروڑ روپے سے زائد کی رقم دی جائے گی۔

نوبل انعام حاصل کرنے والے 97 سالہ جان گڈناف نے عالمی ریکارڈ بناتے ہوئے طویل عمر میں انعام حاصل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

جان گڈناف کیمسٹری کا انعام حاصل کرنے والے اب تک کے سب سے عمر رسیدہ سائنسدان ہیں۔

نوبل پرائز کمیٹی نے اب تک تین نوبل انعامات کا اعلان کیا ہے، پہلے نوبل انعام کا اعلان 7 اکتوبر کو کیا گیا تھا۔

7 اکتوبر کو طب کے نوبل انعام کا اعلان کیا گیا تھا جو آکسفورڈ یونیورسٹی کے سر پیٹر ریٹکلیف، ہارورڈ یونیورسٹی کے ولیم کیالین اور جونز ہوپکنز یونیورسٹی کے گریگ سمینزا کو دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

ان تینوں سائنسدانوں کا تحقیقی کام خون کی کمی اور کینسر وغیرہ کے نئے طریقہ علاج تشکیل دینے میں مدد دے سکے گا۔

فزکس کے نوبل انعام کا اعلان 8 اکتوبر کو کیا گیا تھا اور یہ انعام امریکا اور سوئٹزرلینڈ کے تین سائنسدانوں امریکی نژاد کینیڈین سائنسدان جیمز پیبلز و سوئٹزرلینڈ کے سائنسدانوں مائیکل میئر اور دیبر کوئلوز کو دیا جائے گا۔

ان تینوں سائسندانوں نے کائنات کی تخلیق میں مدد کرنے اور نئے سیاروں کی دریافت کے حوالے سے مشاہدات کرنے میں مدد فراہم کرنے جیسی خدمات سر انجام دیں۔

نوبل انعام جیتنے والے تمام افراد کو رواں برس 10 دسمبر کو انعام دیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں