113

کورونا وائرس؛ پاک ایران سرحد پر آمد و رفت معطل کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ(رلڈ پوائنٹ) کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پاک ایران سرحد پر آمد ورفت معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پاک ایران سرحد پر آمد و رفت معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 5 کراسنگ پوائنٹس پر 45 ڈاکٹرز، 10 ہزار ماسک، 72 تھرمل گنز اور 100 ٹینٹ بھجوادیئے گئے ہیں، تمام اداروں کو ہائی الرٹ کردیا ہے کسی کو بھی ایران سے آنے اور جانے نہیں دیا جائے گا جب کہ وفاقی حکومت کو بھی اس حوالے سے مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر کا کہنا ہے کہ ہمسایہ ملک ایران میں کورونا وائرس کا پھیلنا پریشان کن عمل ہے جب کہ صوبائی سطح پر اس مہلک وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں تمام تر حفاظتی اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور ایران سے پاکستان آنے والے افراد کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی شخص کو بھی ایران جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی جب کہ سرحدی علاقوں میں طبی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، تمام بارڈر کراسنگ پوائنٹس پر میڈیکل ٹیمیں پہنچا دی گئی ہیں، تفتان بارڈر پر زائرین کو کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں