132

روس میں فوج اور عام لوگوں پر کورونا ویکسین کے دوماہ کےکلنیکل ٹرائلز کا آغاز

ماسکو(شاہد گھمن سے )روس کے گامیلی نیشنل ریسرچ سینٹر برائے ایپیڈیمیولوجی اور مائکروبیالوجی نے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اگلے ہفتے سے ویکسین کے کلینیکل ٹیسٹ کرنے کا اعلان کردیا ہے تفصیلات کے مطابق گامیلی نیشنل ریسرچ سینٹر برائے ایپیڈیمیولوجی اور مائکروبیالوجی انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹروادیم تاراسوف نے کہا ہے کہ اگلے ہفتے سے عام عوام پر اس ویکسین کے کلینکل ٹیسٹ شروع کئے جائیں گے اوراس سلسلہ میں رضاکارانہ طورپر حصہ لینے والے متعددافراد کا انتخاب کرلیا گیا ہے جبکہ اس ٹیسٹ کا حصہ بننے والے افراد کو فی کس ایک لاکھ روبل یعنی 1ہزار 450ڈالر معاوضہ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ویکسین کے کلینیکل ٹیسٹ کے پہلے مرحلے میں حصہ لینے والے افرادکو9سے22جون تک ماسکو سے50کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع شہر زینیگورود میں طبی سہولت کے ساتھ الگ تھلگ رکھاجائے گا۔ علاج معالجے کا مرکز پہلی ماسکو اسٹیٹ میڈیکل یونیورسٹی سے منسلک ہے۔

وادیم تاراسوف نے کہا کہ کلینکل ٹیسٹ کے دوسرے مرحلہ میںجب یہ ویکسین لگائی جائے گی تو ٹیسٹ میں حصہ لینے والے افراد کو23جون سے 20جولائی تک ماسکو میں سائنسی اور عملی مرکز برائے کارڈیک انجیوالوجی منتقل کیا جائے گا۔زیوینیگرد طبی سہولت کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ ویکسین کے کلینیکل ٹرائل کے پہلے مرحلے کا اہتمام روسی وزارت صحت نے کیا ہے۔

دوسری جانب 2جون سے روسی فوج پر بھی دوماہ کیلئے کوروناویکسین کے کلینیکل ٹرائل کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں رضاکارانہ طورپر فوجی جوانوںکو شامل کیا گیا ہے۔

کریملن نے پہلے بھی کہا ہے کہ ملک کے سائنس دان تقریباً 50 مختلف ویکسین منصوبوں پر کام کر رہے ہیں ، جب کہ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ویکسین کی دریافت قومی وقار کا سوال ہے۔

خبر کو سوشل میڈیا پر شئیر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں