118

مغرب نے حملہ کیا تو اسے نشان عبرت بنا دیں گے، روس

ماسکو(ورلڈپوائنٹ) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے مغربی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے حملہ کیا تو روس انہیں نشانِ عبرت بنا دے گا۔ روس کا کہنا ہے کہ اس کی خود مختار خارجہ پالیسی پر امریکا اور یورپی یونین کی جانب سے ناراضگی کے اظہار سمیت مختلف اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں، جن پر روس نے انہیں تنبیہ کر دی ہے۔ وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ روس کی آزاد خارجہ پالیسی کی وجہ سے مغربی ممالک ناراض ہیں اور ماسکو کو سزا دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور کچھ یورپی ممالک نے روس کی ترقی و پیش رفت کو روکنے کے لیے اپنی کوششیں دگنی کر دی ہیں۔ سرگئی لاروف کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک اپنے روس مخالف اقدامات اور نئی پابندیوں کو جائز ٹھہرانے کے لیے نئی الزام تراشیاں کر رہے ہیں، تاہم ان کے پاس اس کی کوئی حقیقی وجہ بھی نہیں ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے مغربی ممالک کو خبردار کیا کہ اگر روس پر کوئی حملہ کیا گیا تو ماسکو انہیں نشان عبرت بنا دے گا۔ واضح رہے کہ روس پر امریکی انتخابات میں مداخلت کا بھی الزام مسلسل لگ رہا ہے، جب کہ روسی حکومت کے ایک مخالف رہنما الیکسی ناولنی کی زہر خورانی کے واقعے پر بھی روس کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

ادھر ایک ہفتہ قبل امریکی قومی سلامتی کی ایجنسی (این ایس اے) اور سی آئی اے کے سابق کنٹریکٹر ایڈورڈ اسنوڈن کو روس میں مستقل رہایشی اجازت نامہ دیا گیا ہے۔

خبر کو سوشل میڈیا پر شئیر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں