اسلام آباد(ورلڈ پوائنٹ) وزیراعظم عمران خان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کریں گے۔
شنگھائی تعاون تنظیم ایس سی او کا سربراہان مملکت کا 20واں اجلاس کل 10 نومبر کو منعقد ہو گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد کیا جائے گا۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سربراہی اجلاس میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کریں گے جب کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن اجلاس کی صدارت کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کو اجلاس میں شرکت کی دعوت روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی جانب سے دی گئی ہے۔
زاہد حفیظ چوہدری نے کہا اجلاس میں 8 ایس سی او رکن ممالک اور 4 مبصر ممالک کے رہنما شریک ہوں گے۔ اجلاس میں اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل اور ایس سی او سیکرٹری جنرل بھی شرکت کریں گے جب کہ اجلاس میں علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔