141

بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں سفارتخانہ پاکستان اور بیلارشین چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے بزنس ایونٹ “میٹ دی ایمبیسیڈر” کا انعقاد

منسک(ورلڈ پوائنٹ) بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں سفارتخانہ پاکستان اور بیلارشین چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے ایک بزنس ایونٹ “میٹ دی ایمبیسیڈر” کا انعقاد کیا گیا جس میں 30 سے ​​زائد بیلاروس کمپنیوں کے تاجروں اورنمائندوں نے شرکت کی جبکہ اس تقریب میں 40 کے قریب کاروباری افراد نے آن لائن شرکت کی.

بیلارشین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین ولادیمیر الاخوویچ نے زیادہ سے زیادہ معاشی تعاون کے لئے باہمی طور پر مل جل کرکام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پربیلاروس میں تعینات پاکستانی سفیر سجاد حیدر خان نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی سیاسی، معاشی طاقت اور تجارتی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان بہترین سیاسی اور تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے پاکستانی اور بیلارشین کاروباری شخصیات کے باہمی تعاون کی اشد ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کے مثبت اقدامات کے پیش نظر پاکستان میں سرمایہ کاری کا ماحول سازگار ہے اگرکوئی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے تو سفارتخانہ پاکستان اس کی بھرپور رہنمائی کرے گا.

سفارتخانہ پاکستان ماسکو میں تعینات ٹریڈ منسٹرناصر حامد نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکاء کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور سیاحت کےحوالے سے تفصیلا آگاہ کیا انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے متوقع بھرپور معاشی امکانات اور سرمایہ کاروں کوملنے والے فوائد کے حوالے سے روشنی ڈالی.

تقریب کے آخر میں نیٹ ورکنگ سیشن کے دوران برآمدات ، سرٹیفکیٹس ، رقوم کے لین دین اور دیگر طریقہ کار سے متعلق بیلاروس کے تاجروں کے سوالات کے تفصیل سے جوابات دئے گئے.

سفیر پاکستان سجاد حیدر خان نے تقریب کے اختتام پر بیلارشین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین ولادیمیر الاخوویچ کو سفارت خانہ کی طرف سے یادگاری شیلڈ پیش کی.

خبر کو سوشل میڈیا پر شئیر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں