94

ایلون مسک مسلسل چوتھے برس بھی سب سے زیادہ تنخواہ لینے والے ’سی ای او‘ بن گئے

واشنگٹن: معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک سب سے زیادہ تنخواہ لینے والے چیف ایگزیکیٹو آفیسر بن گئے۔

دنیا بھر کی بڑی کمپنیوں میں سی ای او کے عہدے پر فائز سب سے زیادہ تنخواہ لینے والے افراد کی فہرست برائے 2021 جاری کردی گئی جس میں سرفہرست ایلون مسک ہیں۔ وہ 2018 سے اس فہرست میں اوّل آرہے ہیں۔

ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک کی تنخواہ اتنی زیادہ ہے کہ ان کے بعد فہرست میں شامل باقی 13 سی ای اوز مل کر بھی صرف ایلون مسک کی کمائی کا آدھا حصّہ ہی کما سکتے ہیں۔
بلوم برگ کے مطابق ایلون مسک کی تنخواہ میں اسٹاک کا منافع بھی شامل ہے اس طرح سالانہ دس ارب ڈالر تک بنتے ہیں جب کہ دوسرے نمبر پر ریوین آٹوموٹیو کے ’’سی ای او‘‘ رابرٹ سکیرینج ہیں جنھوں نے گزشتہ سال 2.3 بلین ڈالرز تنخواہ وصول کی۔

تیسرے نمبر پر ایپل کے ’’سی ای او‘‘ ٹم کک نے 2021 میں 853 ملین ڈالرز اور چوتھے نمبر پر براجمان لوسیڈ موٹرز کے ’’سی ای او‘‘ پیٹر راولنسن کی سالانہ تنخواہ 575 ملین ڈالرز ہے۔

سب سے زیادہ تنخواہ وصول کرنے والے تقریباً تمام ہی ’’سی ای اوز‘‘ کا تعلق انٹرنیٹ اور ٹیکنالوجی کمپنی سے ہے جس سے اس شعبے کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

خبر کو سوشل میڈیا پر شئیر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں