26

ورلڈ الیون سے سیریز کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع، شائقین کے چہرے خوشی سے دمکنے لگے

لاہور: پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان سیریز کیلیے الٹی گنتی شروع ہوگئی۔ورلڈ الیون سے سیریز کیلیے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے اہم قدم سمجھے جانے والے اس ایونٹ کیلیے کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا، چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم لاہورکے صدر دروازے پر مختصر تقریب میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں سرفراز احمد اور فاف ڈوپلیسی کی تصویروں سے مزئین کلاک کا بٹن دبا کر الٹی گنتی شروع کرا دی، دوسری جانب اسٹیڈیم میں پینٹ کا کام مکمل کرلیا گیا، کرسیوں کی صفائی اور دھلائی روزانہ کی جا رہی ہے، میدان سے بیشتر فاضل گھاس کاٹ دی گئی۔
واضح رہے کہ 12، 13 اور 15 ستمبر کو شیڈول 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کیلیے مختص پچز کی تیاری آخری مراحل میں ہے، رولرز روزانہ چلائے جا رہے ہیں، پریکٹس کیلیے اطراف میں الگ ٹرف تیار کیے گئے ہیں،لاہور کے رہائشی گراؤنڈ اسٹاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ عید کے روز سنت ابراہیمی ادا کرنے کے بعد4گھنٹے میں قذافی اسٹیڈیم پہنچ جائیں جب کہ دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والوں کو صرف ایک چھٹی دی گئی ہے۔ دریں اثنا ایک غیر ملکی سیکیورٹی ایکسپرٹ نے بھی قذافی اسٹیڈیم، نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور اطراف میں ورلڈ الیون کے ممکنہ روٹس کا جائزہ لے لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مہمان ٹیم کو سربراہ مملکت کے برابر سیکیورٹی فراہم کرنے کا پلان بنایا گیا ہے، غیر ملکی کرکٹرز کی آمدورفت کے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کرنے کے ساتھ ہیلی کاپٹر سے نگرانی بھی کی جائے گی،میچز کے روز اسٹیڈیم اور اردگرد 10ہزار سیکیورٹی اہلکار وکمانڈوز تعینات کیے جائیں گے، اسٹیڈیم اور اطراف کی نگرانی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہوگی، اسٹینڈز میں شائقین کے ساتھ سادہ لباس اہلکار بھی ڈیوٹی دیں گے، پی ایس ایل فائنل کے موقع پر لگائے جانے والے کیمروں کے ساتھ10مزید کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں شائقین کی مداخلت روکنے کیلیے میدان کے چاروں جانب خاردار تاریں لگائی جائیں گی تاکہ کوئی میدان میں داخل نہ ہوسکے، پنجاب اسپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام سیکیورٹی اینڈ ویجیلنس سیل سے بھی مدد لی جائے گی، عید کی چھٹیوں کے بعد 1،2 روز میں نشتر پارک کا سارا علاقہ قلعہ نما سیکیورٹی حصار میں لیتے ہوئے عام شہریوں کی آمد و رفت کیلیے بند کردیا جائے گا تاہم قذافی اسٹیڈیم کے اطراف میں ہوٹل اور دکانیں بھی سیریز کے اختتام تک بند رہیں گی جب کہ نشتر اسپورٹس کمپلیکس میں نصب خفیہ کیمروں سے علاقے کی 24 گھنٹے خفیہ نگرانی کی جائے گی۔

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں