221

فیفا ورلڈ کپ 2018کے دوران 6لاکھ 63ہزار سے زائد غیر ملکی فین آئی ڈی کا استعمال کرتے ہوئے روس میں میچز دیکھنے کیلئے آئے

ماسکو، رپورٹ : شاہد گھمن

روس کی فیڈرل سیکورٹی بارڈر سروس کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق چین ، امریکہ اور میکسیکو سے سب سے زیادہ شائقین فٹ بال موسم گرما کے فیفا ورلڈ کپ کیلئے روس آئے ۔ جس کے مطابق پرستاروں کی سب سے بڑی تعداد چین سے آئی ، روس میں چین سے آنے والوں کی تعداد 53ہزار سے زائد ہے جبکہ امریکہ سے46ہزار، میکسیکو سے41ہزار، ارجنٹائن سے 31ہزار، برازیل سے 27ہزار سے زائد جبکہ جرمنی اور انگلینڈ سے25ہزار، کولمبیا سے23ہزار،پیرو اور فرانس سے 20ہزار اور کروشیا سے 18ہزار سے زائد افراد فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے میچز سے لطف اندوز ہونے کیلئے روس آئے۔

فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران 6لاکھ 63ہزار سے زائد شائقین نے فین آئی ڈی کا استعمال کرتے ہوئے روس میں داخل ہوئے۔ روس میں آنے والوں کیلئے سب سے اہم مقامات ماسکو اور سینٹ پیٹرزبرگ تھے ۔80فیصد غیرملکی ماسکو کے ائیرپورٹس دمادیدوا، وینوکوو اور شیریمتیوجبکہ سینٹ پیٹرزبرگ کے پُلکواائیرپورٹ سے روس میں داخل ہوئے۔

فیڈرل سیکورٹی بارڈر سرو س کے مطابق فیفا ورلڈ کپ میں حصہ لینے والے ممالک کے شائقین فٹ بال کی تعداد سب سے زیادہ تھی۔

روس میں ایک کامیاب ایونٹ کے انعقاد کے بعد روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے 3اگست کو فین آئی ڈی رکھنے والوں کیلئے روس میں ویزافری داخلہ پر دستخط کر دئے ہیں جس کے مطابق تمام فین آئی ڈی ہولڈر 31 دسمبر2018تک روس میں بغیر ویزہ کے سفر کر سکیں گے۔۔۔ شاہد گھمن نمائندہ 92نیوز روس

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں