198

عمران خان نے محمود خان کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد کر دیا

پشاور(ورلڈ پوائنٹ نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے محمود خان کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد کردیا۔

ورلڈ پوائنٹ نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پی کے 9 سوات سے منتخب ہونے والے رکن محمود خان کو خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ نامزد کردیا۔

محمود خان 1972 میں سوات کے علاقے مٹہ میں پیدا ہوئے اور انہوں نے ابتدائی تعلیم پشاور سے حاصل کی جب کہ انہوں نے 2007 میں عملی سیاست کا آغاز کیا اور تحریک انصاف کے گزشتہ دور حکومت میں وزیرکھیل رہ چکے ہیں۔

محمود خان ارب پتی نکلے
نامزد وزیراعلیٰ محمود خان کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کروائی گئی دستاویزات کے مطابق ان کے پاس 2 ارب 51 کروڑ 67 لاکھ کے مکمل اثاثہ ہیں جن میں 4 کروڑ نقدی بینک میں ہے اور 87 کنال زرعی اراضی اور 55 کمرشل دکانوں کے مالک ہیں۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کے گزشتہ دور حکومت میں اسپیکر کے فرائض انجام دینے والے اسد قیصر، سابق وزیراعلی پرویز خٹک، وزیرتعلیم عاطف خان اور صوبائی وزیراطلاعات شاہ فرمان وزارت اعلیٰ کی دوڑ میں شامل تھے تاہم عمران خان عاطف خان کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بنانا چاہتے تھے لیکن پرویز خٹک نے نہ صرف ان کی مخالفت کی بلکہ اس حوالے سے خود محمود خان کا نام بھی دیا جسے چیئرمین پی ٹی آئی نے اب باضابطہ طور پر وزیراعلیٰ کا امیدوار نامزد کردیا ہے۔

پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس
دوسری جانب تحریک انصاف پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت ہوا جس میں پنجاب بھر سے نومنتخب اراکین پنجاب اسمبلی سمیت تحریک انصاف میں شامل ہونے والے آزاد امیدوار شریک ہوئے۔ اجلاس میں تحریک انصاف کی مرحوم رہنما سلونی بخاری کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری اور کابینہ امور پر مشاورت ہوئی اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی شرکا کو پارلیمانی امور سے متعلق آگاہ کیا۔

مشکل الیکشن لڑنے پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں
بعد ازاں نومنتخب اراکین سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مشکل الیکشن لڑنے پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں، میرے لیے سب سے بڑا عذاب ٹکٹ دینا تھا، ہم نے ٹکٹ دینے کے عمل کو مزید بہتر کرنا ہے اور سب کو پتا تھا کہ اصل پانی پت کی جنگ پنجاب میں لڑی جائے گی جب کہ تمام سروے کہہ رہےتھے خیبرپختونخوا سے تحریک انصاف جیت جائے گی۔

انصاف میرٹ پر کرنا ہے
عمران خان کا کہنا تھا کہ میں لوگوں سے وعدہ کر کے آیا ہوں کہ مدینہ کی ریاست بنانی ہے، انصاف میرٹ پر کرنا ہے، آپ نے عوام کے پیسے کو اللہ کی امانت سمجھنا ہے اور قوم کا پیسا بچانا ہے تاکہ عوام کی فلاح پر خرچ کیا جاسکے جب کہ ہم نے پارٹی کو ایک ادارہ بنانا ہے، سب سے زیادہ ذمے داری پنجاب والوں پر ہے، جہاں ہماری کمزوری ہے اس حلقے میں ابھی سے کام شروع کرنا ہے۔

پنجاب کے وزیراعلٰی کے لیے ایک نوجوان لارہا ہوں
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلٰی کے لیے ایک نوجوان لارہا ہوں، یہ نوجوان کلین ہوگا، اس پرکسی قسم کا کوئی سوالیہ نشان نہیں، آپ سب اس نوجوان کو سپورٹ کریں جب کہ پنجاب میں ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، پنجاب کے لوگوں کو ریلیف دینا ہے، وہاں کے لوگ کئی دہائیوں سے مفلسی کی زندگی گزاررہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پنجاب پولیس کو غیر سیاسی اور خود مختار بنائیں گے اور کے پی پولیس کے طرز کی اصلاحات لائیں گے، پنجاب کے اسکولوں اور اسپتالوں کو بہتر سے بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سے اس کا تقاضا کبھی نہیں کروں گا جس پر میں خود عمل نہ کروں، میں فیصلے میرٹ پراور قوم کے مفاد کے لیے کروں گا جب کہ ذاتی سیاست نے سیاستدانوں کو ذلت دی ہے، ذاتی سیاست میں عوام کا نام لےکراقتدارمیں آکراپنی ذات کا سوچتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں