189

عامر خان ’ٹھگ آف ہندوستان‘ میں 25 پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کریں گے

ممبئی(ورلڈ پوائنٹ نیوز) بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اورامیتابھ بچن کی فلم’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘میں ایک ساتھ 25 پاکستانی فنکاروں کو کاسٹ کیاگیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نامور بالی ووڈ اداکار عامر خان ان دنوں فلم’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘میں کام کررہے ہیں اس فلم میں پہلی بار بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن عامر خان کے ساتھ نظر آئیں گے۔ فلم میں بھارتی فوجیوں اوربرطانوی سلطنت کے ٹھگوں کا بہت بڑا جھنڈ دکھایاگیا ہے جس کے لیے 25 پاکستانی جونیئر آرٹسٹوں کو کاسٹ کیاگیا ہے۔ فلم میں پاکستانی فنکاروں کو لینے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ فلم کی شوٹنگ مالٹا میں کی گئی ہے اور وہاں بڑی تعداد میں پاکستانی آباد ہیں۔

ذرائع کے مطابق فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘بڑے بجٹ کی فلم ہے اور فلمساز نے دل کھول کر فلم پر پیسہ خرچ کیاہے، فلم کا بجٹ تقریباً 250 کروڑ ہے۔ فلم کی شوٹنگ کے لیے مالٹا کی پوری فلم سٹی کو 40 دنوں کے لیے ہائر کرلیاگیا تھا، یہ فلم سٹی سمندر کنارے واقع ہےاور فلم کی زیادہ تر شوٹنگ وہیں پر ہوئی ہے۔

فلم’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ کی کہانی فلم میڈوز ٹیلر کے 1839میں شائع ہونے والے ناول ’’کنفیشن آف ٹھگ‘‘سے لی گئی ہےجس میں عامر خان خان’’امیر علی‘‘نام کے ٹھگ کا کردار نبھارہے ہیں جس کا گینگ 20 ویں صدی میں برطانوی سلطنت کے لیے مشکلات کھڑی کردیتا ہے۔

فلم اپنی کہانی، بجٹ، امیتابھ اور عامر خان کے حلیے کے باعث پہلے ہی لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے، جب کہ اس کا موازنہ گزشتہ برس ریلیز ہوئی فلم’’باہو بلی2‘‘سے کیاجارہا ہےاور کہاجارہا ہے کہ یہ فلم ’’باہو بلی2‘‘کا ریکارڈ توڑدے گی۔ فلم ’’باہوبلی2‘‘کا بجٹ بھی لگ بھگ 250 کروڑ روپے تھا جب کہ دونوں فلموں میں بہترین ایکشن سین فلمائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ فلم میں امیتابھ بچن اور عامر خان کے درمیان تلوار بازی کا زبردست ایکشن سین بھی فلمایاگیا ہے۔

فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ پہلے صرف ’’ٹھگ‘‘کے نام سے بنائی جارہی تھی جب کہ اس میں عامر خان سے پہلے ہرتیک روشن کو لینے کا فیصلہ کیاگیا تھا لیکن اس وقت ہرتیک روشن اپنی فلم’’قابل‘‘میں مصروف تھے لہٰذاانہوں نے یہ فلم کرنے سے منع کردیا جب کہ ان کی جانب سے منع کرنے کی ایک وجہ یہ بھی بیان کی گئی تھی کہ ہرتیک نے اس فلم کے لیے 60 کروڑ کی ڈیمانڈ کی تھی جس کی وجہ سے انہیں فلم میں کاسٹ نہیں کیاگیا۔

واضح رہے کہ فلم میں عامر خان اورامیتابھ بچن کے علاوہ اداکارہ کترینہ کیف، فاطمہ ثنا شیخ اور رونت رائے شامل ہیں، فلم 7 نومبر کو دیوالی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں