175

تارکین وطن کے بحران سے نمٹنے کیلئےاسپین کے ساتھ معاہدہ اہم ہے، جرمن چانسلر

میڈرڈ (ورلڈ پوائنٹ نیوز)جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ مہاجرین کے حوالے سے اسپین کے ساتھ ہوئے معاہدے سے اس بحران سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ میرکل نے کہا ہے کہ دونوں ممالک مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کی خاطر تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے ہفتے کے دن بتایا ہے کہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اسپین کے جنوبی شہر شلوقہ میں ہسپانوی وزیراعظم پیدرو سانچز سے ملاقات میں یورپ کو درپیش مہاجرین کے بحران کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر میرکل کے شوہر بھی ان کے ہم راہ تھے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق سانچز اور میرکل نے دوپہر کا کھانا اکٹھے کھایا اور اس دوران مہاجرین اور تارکین وطن کے موضوع پر گفتگو بھی کی۔

بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے ایک مختصر پریس کانفرنس بھی کی۔ میرکل نے مہاجرین سے متعلق اس معاہدے میں ہسپانوی تعاون کا شکریہ ادا کیا، جس کے تحت میڈرڈ حکومت جرمنی میں موجود ایسے مہاجرین کو واپس لینے پر تیار ہو گئی ہے، جن کی پہلی مرتبہ رجسٹریشن اسپین میں ہوئی تھی۔

میرکل کا کہنا تھا کہ اس ڈیل سے مہاجرین کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ میرکل نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ یہ اچھا ہے کہ جرمنی اور اسپین کا وہی موقف ہے، جو یورپی یونین کا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح مل کر کام کرنے سے یورپ کا مستقبل مزید مضبوط ہو گا۔ گزشتہ پیر کے دن برلن اور میڈرڈ کے مابین مہاجرین سے متعلق اس ڈیل کو حتمی شکل دی تھی اور یوں اسپین ایسا پہلا ملک بن گیا ہے، جس نے جرمنی میں مقیم مہاجرین کو واپس لینے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔

انگیلا میرکل اپنے اس دو روزہ دورہ اسپین کے دوران ہسپانوی قیادت کے ساتھ یورپی یونین میں مالیاتی اصلاحات پر بھی گفتگو کریں گی۔ برلن حکومت نے کہا کہ جرمن چانسلر میرکل متوقع طور پر اتوار کے دن دونانہ نیشنل پارک کا دورہ بھی کریں گی۔

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں