81

فلم میں لیڈ رول ملا تو ضرور ہنر دکھاؤں گی، نادیہ حسین

لاہور(ورلڈ پوائنٹ نیوز) سپرماڈل نادیہ حسین نے کہا ہے کہ اچھے اور منفرد موضوع پر بننے والی فلم میں لیڈ رول ملا تواپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا بڑے پردے پرضرور ہنر دکھاؤں گی۔

میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے نادیہ حسین نے کہا کہ فیشن انڈسٹری میں کام کرنے کے کچھ عرصہ بعد ہی ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں کام کرنے کی پیشکش کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا لیکن میری تمام ترتوجہ ماڈلنگ پر مرکوز تھی۔ میں نے ملک اوربیرون ممالک ہونے والے فیشن شو اورفیش ویک میں شرکت کی اوراپنی منفرد پہچان بنائی بلکہ اس پروفیشن میں رہنے کی وجہ سے ہی میں نے فیشن سے وابستہ کاروبارشروع کیا اور بڑی کامیابی کے ساتھ اس کو آگے بڑھا رہی ہوں۔ دوسری جانب ایکٹنگ کیلیے مجھے آفرز جاری تھیں جو تاحال جاری ہی ہیں۔

ماڈل نے بتایا کہ انہیں کچھ عرصہ قبل پاکستان فلم انڈسٹری کے ایک معروف فلمی ستارے نے اپنی فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن کردار اور اسکرپٹ سننے کے بعد انہوں نے اس آفرکوقبول نہیں کیا۔ ایک طرف توایکٹنگ کیلیے خاصا وقت درکار ہوتا ہے اور پھر اگر کردار بھی جاندار نہ ہوتواس کو کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ اسی لیے میں سوچتی ہوں کہ جب بھی کسی فلم کو سائن کروں گی تواس کیلیے پہلی شرط لیڈ رول کی ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں نادیہ حسین نے کہا کہ ہمارے ملک کے بہت سے فنکاربالی ووڈ میں کام کرچکے ہیں لیکن میرے نزدیک بھارت میں جاکرکام کرنا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ مجھے توبس اچھا اورمنفرد کام کرنا ہے جس سے میری اپنی پہچان ہو اورمیرے ملک کواس کا فائدہ پہنچے۔

نادیہ حسین نے بتایا کہ انہیں بالی ووڈ میں کام کرنے کی پیشکش بھی ہو چکی ہے لیکن انہوں نے اس کیلیے رضامندی ظاہر نہیں کی۔اس کی بڑی وجہ ایک ہی ہے کہ میری پہلی ترجیح اپنا ملک ہے۔ اسی ملک میں کام کرتے ہوئے مجھے عزت، شہرت ملی ہے ، اس لیے میرا مرنا جینا پاک وطن کے ساتھ ہے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں