159

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف 6 اپریل کو پاکستان کا دورہ کریں گے، ماریہ زخارووا

ماسکو(شاہد گھمن سے) روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ سرگئی لاوروف 6 اپریل کو پاکستان کا دوروزہ دورہ کریں گے اس بات کا اظہار انہوں نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کیا۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف 6تا 7اپریل کے دورہ پاکستان کے دوران اپنے ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گے اور اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات میں مزید بہتری پر بات چیت کے علاؤہ تجارتی، معاشی اور انسداد دہشتگری میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف دورہ پاکستان کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم سمیت بین الاقوامی پلیٹ فارمز اور افغان امور پربھی بات چیت کریں گے ۔

ماریہ زخارووا نے وزیر خارجہ کے دورہ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سرگئی لاوروف 5 اپریل کو بھارت جائیں گے جہاں وہ اپنے ہم منصب سے ملاقات کے بعد اگلے روز 6 اپریل کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ اس کے بعد 7 اپریل کو قزاقستان، 12 اپریل کو مصر اور 13 اپریل کو ایران کا دورہ کریں گے۔

روسی وزیر خارجہ کے ان دوروں کا مقصد خطے کی موجودہ صورتحال، کوروناوائرس، افغانستان میں عدم استحکام اور وسطی ایشیا کی صورتحال کا جائزہ لینا ہے
افغانستان میں امن وامان کے قیام کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کی وجہ سے روسی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان بڑی اہمیت کا حامل سمجھا جارہا ہے

خبر کو سوشل میڈیا پر شئیر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں