187

پاکستان کمیونٹی روس کے انتخابات 28 اگست 2021 کو ہوں گے

ماسکو( شاہد گھمن سے)دارالحکومت ماسکو میں پاکستان کمیونٹی روس کے زیر اہتمام ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز ، ڈاکٹر مجاہد مرزا، ڈاکٹر گاگی، یاسر ملک، مقصود بٹ، رضوان غنی, اشرف راجپوت سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان کمیونٹی روس کے آئندہ ہونے والے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق پاکستان کمیونٹی روس کے انتخابات 28 اگست 2021 کو ہوں گے اور الیکشن میں حصہ لینے والے پاکستانی اپنے کاغذات نامزدگی 25 جولائی تک جمع کروا سکیں گے۔ جبکہ 19 جون کو ماسکو میں ایک بڑا اجلاس منعقد ہوگا جس میں روس بھر سے اہم شخصیات شرکت کریں گی۔

پاکستان کمیونٹی روس کے گزشتہ انتخابات میں ملک شہباز روس بھر سے بھاری اکثریت سے ووٹ لے کر صدر منتخب ہوئے تھے۔ ملک شہباز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان دوسالوں میں کورونا وائرس کی وجہ سے وہ اپنے منشور کے مطابق کام نہیں کرسکے لیکن اس وبا کے دوران انہوں نے روس میں مقیم پاکستانیوں کی بھرپور مدد کی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ جمہوری عمل کے حق میں ہیں جبکہ ڈرائنگ روم کی سیاست پاکستان کمیونٹی کے مفاد کے برعکس ہے جسے کوئی بھی پاکستانی تسلیم نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کے آئندہ انتخابات میں کوئی بھی پاکستانی حصہ لے سکتا ہے اور پاکستانیوں کی خدمت کیلئے اپنے آپ کو پیش کرسکتا ہے۔

خبر کو سوشل میڈیا پر شئیر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں